نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان سوفی ڈیوائن نے جمعرات کو ڈونیڈن میں کھیلے گئے ایک ڈومیسٹک میچ کے دوران صرف 36 گیندوں پر سنچری بنائی ہے۔
ڈیوائن نے اپنی سنچری کے ساتھ ہی خواتین کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
جمعرات کو اوٹیگو اسپارکس کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیوائن نے نو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔
اس سینچری کی بدولت ان کی ٹیم ویلنگٹن بلیز نے حریف ٹیم کو 10 وکٹوں سے باآسانی شکست دی۔
ڈیوائن نے 38 گیندوں پر 108 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔
اس سے قبل تیز ترین سینچری کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کی ڈی اینڈرا ڈوٹن کے پاس تھا جنہوں نے 2010 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 38 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
ڈیوائن کی سینچری نیوزی لینڈ کی سر زمین پر کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے بنائی گئی تیز ترین سینچری بھی ہے۔
SEE ALSO: جب ٹنڈولکر کے بلے سے آفریدی کے خواب کو تعبیر ملیمردوں کے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھارت اور آسٹریلیا کے اوپننگ بلے بازوں روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر کے پاس ہے۔ دونوں بلے بازوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں 35 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔
ڈیوائن چار روز قبل ہی قرنطینہ سے باہر آئی تھیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کی ویمینز بگ بیش لیگ میں پرتھ اسکورچرز کی جانب سے کھیلنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔
سوفی ڈیوائن کا کہنا تھا کہ "میں آج صبح بہت نروس تھی۔ جب بھی آپ گیم سے دور ہوتے ہو تو گھبراہٹ ہوتی ہے کہ آپ واپس آ پاؤ گے یا نہیں۔ تاہم وکٹ پر وقت گزارنا اچھا رہا۔"
ڈیوائن ایسے موقع پر نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں جب نیوزی لینڈ کرکٹ نے اعلان کیا تھا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آنے والے مہینوں میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم 23 فروری سے سات مارچ کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی اور اسی شیڈول کے ساتھ آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم 28 مارچ سے 10 اپریل تک نیوزی لینڈ میں ہو گی۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کو نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد 14 روز لازمی قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے۔