نیوزی لینڈ نے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں چار۔ صفر کی برتری حاصل کرلی۔گرینڈ ہوم کودھواں دار 74رنز کی اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے، فخرزمان، سہیل حارث، محمد حفیظ اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز گپٹل اور مونرو نے برق رفتار آغاز فراہم کیا اور صرف 14اوورز میں 88 رنز بنا ڈالے، مونرو 56 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ ہوا تھا کہ گپٹل بھی 31 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اگلے ہی اوور میں رومان رئیس نے راس ٹیلر کو صرف ایک رن پر پویلین کی راہ دکھائی۔ دو رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کیوی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی اور رنز بنانے کی رفتار بھی سست پڑ گئی۔ کیوی اننگز کے پہلے 14اوورز میں 88 جبکہ اگلے اتنے ہی اوورز میں چار وکٹیں گنواکر 41 رنز بنے۔
ٹام لیتھم صرف 8 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، یہ وکٹ بھی شاداب خان کے حصے میں آئی۔ سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے مطلوبہ رن ریٹ بڑھتا گیا اورکیوی بیٹنگ لائن کو ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب ولیم سن 32 رنز بنا کر حارث سہیل کی گیند پر رومان رئیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ سیریز میں پاکستان اپنی پہلی جیت حاصل کرلے گا لیکن نکولس اور گرینڈ ہوم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ ایک بار پھر نیوزی لینڈ کے حق میں کردیا۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لئے ناقابل تسخیر شراکت میں 109 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔
گرینڈ ہوم نے40 گیندوں پر5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ نکولس 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی طرف سے شاداب خان تین جبکہ رومان رئیس اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اس بار بھی اوپنرز اچھا آغاز نہ دے سکے اور صرف سات رنز پر فہیم اشرف پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فخرزمان اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنا کر ٹیم کو دباؤ سے نکالا۔ اس موقع پر فخرزمان 54 رنز کی اننگز کھیل کرپویلین لوٹ گئے، ایک روزہ میچوں میں فخر زمان کی یہ چوتھی نصف سنچری تھی۔
شعیب ملک نے حارث سہیل کے ساتھ مل کرمجموعی اسکور میں 26 رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ حارث سہیل 50 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
شعیب ملک بھی زیاد دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد کپتان سرفراز احمد میدان میں اترے اور محمد حفیظ کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 98 رنز بنائے۔ وہ 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حفیظ 81 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔اس طرح پاکستانی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ساؤتھی نے تین، ولیم سن نے دو جبکہ بولٹ اور سینٹنر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 19جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
اسلام آباد —