نیوزی لینڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کوئلے کی کان میں گیس کے دھماکے سے 29 کان کنوں کی ہلاکت کا ذمہ دار اس کان کے انچارج کو ٹھہرایا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے ڈیپارمنٹ فار لیبر نے جمعرات کو پائیک ریور کان کے انچارج پیٹر وٹٹال پر جرائم کی 12 دفعات عائد کی ہیں جس میں ملازمین کو خطرہ سے بچانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات میں ناکامی بھی شامل ہے۔
وٹٹال کے قانونی مشیروں کا کہنا ہے کہ انہیں مایوسی ہوئی ہے اور وہ ان الزامات کا مقابلہ کریں گے۔ کان کے انچارج واحد شخص ہیں جن پر حادثے کا باقاعدہ الزام عائد کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال 19 سے 24 نومبر کے دوران کوئلے کی کان میں دھماکوں سے پائیک ریور کان مقبرہ بن گئی تھی اور کان میں داخلے میں حائل خطرات کے پیش نظر حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں بھی نہیں نکالی جا سکیں تھیں ۔