ںائیجیریا میں گیس کے ایک ٹینکر میں دھماکے اور اس سے ہونے والی آتشزدگی سے ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ ریاست انامبرا کے علاقے نوی میں اس وقت پیش آیا جب گیس ڈپو میں ایک ٹرک سے گیس کنٹینر اتارے جا رہے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ دھماکے کے وقت لوگوں کی ایک بڑی تعداد یہاں موجود تھی جو کھانا پکانے کے لیے سیلنڈروں میں گیس بھروانے آئے تھے۔
آگ بجھانے کے عملے کے پہنچنے تک درجنوں افراد جھلس کر ہلاک ہو چکے تھے۔
زخمی ہونے والے متعدد افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ایک عینی شاہد نے امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کو بتایا کہ چیکاسن گروپ گیس پلانٹ پر ٹینکر گیس کنٹینر اتارنے کے بعد ٹھنڈا ہونے کے لیے درکار وقت تک انتظار کیے بغیر ہی پلانٹ سے ہٹ گیا۔
اطلاعات کے مطابق کئی گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا۔