نائجیریا: بم دھماکے میں 20 افراد ہلاک

اس سے قبل، غیر ملکی سفارت کاروں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ رواں سال عیسائیوں کے اہم تہوارں کے موقع پر حملے ہو سکتے ہیں

نائیجیریا کے حکام کا کہنا ہے کہ ایسٹر سنڈے کے موقع پرملک کے شمال میں ایک گرجا گھر کے قریب ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں کم ازکم20افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ایک عینی شاہد نے بتایا ہے کہ یہ بم دھماکہ شمالی نائیجیریا کے کدونا نامی قصبے میں واقع ایک چرچ کے قریب ایک کاروباری علاقے میں ہوا۔

اِن حملوں کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اس سے قبل، غیر ملکی سفارت کاروں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ رواں سال عیسائیوں کے اہم تہوارں کے موقع پر حملے ہو سکتے ہیں۔

کرسمس کے موقع پر بھی نائجیریا میں چار بم حملے ہوئے تھےجِن میں کم از کم 44افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوئے۔ یہ حملے ملک کے دارالحکومت ابوجا کے قریب ایک کیتھولک چرچ کے قریب ہوئے تھے۔


سخت گیر مذہبی گروپ، بوکو حرم اِن حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکا ہے جن کے لیے بتایا گیا ہے کہ یہ باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے۔