پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
جمعہ کی شام ڈھاکہ میں ایک ریستوران پر حملہ کر کے شدت پسندوں نے وہاں موجود افراد کو یرغمال بنا لیااور ان میں سے بیس کو ہلاک کر دیا تھا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کے مطابق ڈھاکہ میں موجود پاکستانی سفارتکار اور ان کے اہل خانہ محفوظ ہیں۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق، ترجمان نفیس ذکریا نے کہا کہ پاکستانی سفارتی عملے نے اس واقعے کے بعد اپنی نقل و حرکت محدود کر دی ہے۔
’’ہم نے تصدیق کی ہے کہ یرغمالیوں میں کوئی پاکستانی نہیں تھا۔‘‘
بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے تمام افراد غیرملکی ہیں۔
دفتر خارجہ نے ایک بیان میں ڈھاکہ حملے کی مذمت کی ہے اور متاثرین کے لیے پاکستان کی طرف سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
’’پاکستان برادر ملک بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ حکومتِ بنگلہ دیش اس بزدلانہ حملے کے بعد مؤثر کارروائی کرے گی۔‘‘