شمالی کوریا کا انسانی حقوق کا ریکارڈ شرم ناک ہے: امریکی ایلچی


شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کی نگرانی کے ذمّے دار نئے امریکی ایلچی نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا انسانی حقوق کا ریکارڈ شرم ناک ہے۔

شمالی کوریا میں انسانی حقوق کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی رابرٹ کِنگ کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے فقدان کے معاملے میں شمالی کوریا ”بد ترین مقامات میں سے ایک ہے“۔ انہوں نے حقائق معلوم کرنے کے مقصد سے اپنے دورے کے پہلے دن، سیؤل میں یہ بات کہی ہے۔وہ اس دورے میں جنوبی کوریا کے وزیرِ خارجہ یُو مِیونگ ہوان اور دوسرے عہدے داروں کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔

کنگ نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے شمالی کوریا پر زور دیا کہ وہ اُس امریکی شہری کو رہا کر دے، جس کے بارے میں پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ اُسے دسمبر میں خلافِ قانون طریقے سے ملک میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق زیرِ حراست امریکی رابرٹ پارک سیاسی کارکن ہے اور وہ 25 دسمبر کو کرسمس کے دن عیسائیت اور انسانی حقوق کا پیغام پہنچانے کے لیے چین سے سرحد پار کر کے شمالی کوریا میں داخل ہوا تھا۔

کنگ نے اُس کی شناخت کی تصدیق نہیں کی، لیکن کہا ہے کہ امریکہ اُس کی حالت کے بارے میں تازہ ترین اطلاعات حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور شمالی کوریا پر زور دے رہا ہے کہ اُسے رہا کیا جائے۔