شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ ان لگ بھگ 20 روز بعد منظر عام پر آ گئے ہیں۔ شمالی کوریا کے رہنما کی صحت کے حوالے سے گزشتہ چند روز سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔
اس ضمن میں چند تصاویر جاری کی گئی ہیں۔ جس میں کم جونگ ان کو کھاد فیکٹری کے افتتاح کے موقع پر فیتہ کاٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ البتہ آزاد ذرائع نے شمالی کوریا کے رہنما کی ان تصاویر کی تصدیق نہیں کی۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'کے سی این اے' کے مطابق کم جونگ ان کو اپنے درمیان دیکھ کر عوام نے خوشی سے نعرے بھی لگائے۔
جاری کی گئی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ کم جونگ ان مسکراتے ہوئے کھاد فیکٹری کا معائنہ کر رہے ہیں۔ اُن کے ساتھ اُن کی بہن اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں اس وقت عروج پر پہنچ گئی تھیں۔ جب اُنہوں نے 15 اپریل کو شمالی کوریا کے بانی اور اپنے داد کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔
اس سے قبل کبھی بھی وہ اس تقریب میں غیر حاضر نہیں رہے تھے۔ اس تقریب کو ملک کی سب سے اہم سیاسی تقریب سمجھا جاتا ہے۔
اس کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کی صحت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔ البتہ، امریکہ اور جنوبی کوریا نے کہا تھا کہ اُن کے پاس ایسی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔
جنوبی کوریا کے وزیر برائے یونیفکیشن نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ کم جانگ ان کے بارے میں 'بے بنیاد' قیاس آرائیوں نے غیر ضروری اُلجھن پیدا کر دی ہے۔ لہذٰا مستقبل میں اس حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
شمالی کوریا کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کے باعث عالمی سطح پر یہ تشویش پیدا ہو گئی تھی کہ اگر اُنہیں کچھ ہو گیا تو جوہری ہتھیاروں کے حامل ملک کی قیادت کون سنبھالے گا۔