شمالی وزیرستان میں خود کُش حملہ، عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں تین اہلکار ہلاک

فائل فوٹو۔

پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پیر کو ایک خودکش حملے سمیت عسکریت پسندوں کی کارروائیوں میں کم از کم تین سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔حکام کے مطابق ان کاررائیوں میں تین شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری عہدے داروں کے درمیان ہونے والی سرکاری مراسلت میں دونوں واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو میرعلی کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں کے ملٹری اسپتال پہنچا دیا گیا ہے ۔

حکام کے مطابق دونوں واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم ابھی تک کسی گرفتاری کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

شمالی وزیرستان کے دوسرے بڑے قصبے میرعلی سے ملحقہ علاقے عیدک کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ایک خودکش حملہ آور نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین سیکیورٹی اہل کار ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔

شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافی حاجی مجتبی نے بتایا کہ ضلعی پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اس خود کُش حملے میں تین عام لوگ بھی زخمی ہوئے ہیں۔

میرعلی کے عیدک پل پر ہونے والے خودکش حملے سے لگ بھگ دو گھنٹے قبل میر علی کے اوض محمد نامی گاؤں کے قریب نامعلوم عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کے اہل کاروں کو دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو اہل کار زخمی ہوئے ہیں۔

ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ تاہم کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان کے علاوہ شمالی وزیرستان میں حافظ گل بہادر کی شوری مجاہدین بھی پر تشدد واقعات میں ملوث بتایئ جاتی ہے۔

شمالی وزیرستان سے ملحقہ جنوبی وزیرستان کے تحصیل سراروغہ کے مختلف علاقوں میں مبینہ عسکریت پسندوں کے خلاف مخبروں اور انٹیلی جینس بنیادوں پر کارروائیاں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری ہیں۔ ان کاروائیوں میں متعدد عسکریت پسندوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔