اتوار کی شب نوشہرہ میں مال روڈ پر واقع ایک بیکری کے اندر خودکش حملےمیں کم از کم 19افراد ہلاک اور35 سے زائد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکہ کی وجہ سے عمارت کے اندر رکھے گیس سلینڈر پھٹ گئے جس سے بھڑکنے والی آگ نے اِردگِرد کی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملے کے وقت چھاؤنی کے علاقے میں واقع اس بیکری میں فوجی اہلکار اور اُن کے اہل خانہ کے افراد موجودتھے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے افسران نے صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں تقریباََ آٹھ کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کے جسم کے اعضاء مل گئے ہیں جنہیں تحقیقاتی افسران کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پاکستانی طالبان نے یہ حملہ کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس سے قبل اتوار کی صُبح بھی خیبر پختون خواہ صوبے کے دارالحکومت پشاور کے قریب متنی کے مضافاتی علاقے میں ریموٹ کنٹرول سے کیے گئے بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعداد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے عمارت کے اندر رکھے گیس سلینڈر پھٹ گئے جس سے بھڑکنے والی آگ نے ارد گِرد کی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا