پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا اعلان کر دیا ہے۔ کیوی ٹیم دو مرحلوں میں اپنا دورہ کرے گی۔
پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ برس دسمبر اور 2023 کے جنوری اور اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اس دورے کی تصدیق کی ہے۔
البتہ میچز کی تاریخوں کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا ہے۔
دو حصوں پر مشتمل دورے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے مرحلے میں دسمبر 2022 اور جنوری 2023 میں دو ٹیسٹ میچز اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
پی سی بی کے مطابق بعد ازاں نیوزی لینڈ ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے اپریل 2023 میں ایک مرتبہ پھر پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آخری مرتبہ آمنے سامنے آئی تھیں جہاں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔
پی سی بی کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین مارٹن سینیڈن سے ملاقاتوں کے بعد دورے کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
دسمبر 2022 اور جنوری 2023 میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں برس ستمبر میں ہی کیوی ٹیم نے سیکیورٹی وجوہات کے باعث اپنا دورۂ پاکستان یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیا تھا۔
ستمبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 برسوں پر بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھی اور جب دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ شروع ہونے میں کچھ وقت ہی باقی تھا تو مہمان ٹیم نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر دورہ منسوخ کر دیا تھا اور وہ پاکستان سے چلی گئی تھی۔
SEE ALSO: آسٹریلیا کا 24 برس بعد دورۂ پاکستان کا شیڈول جارینیوزی لینڈ نے اگرچہ واضح نہیں کیا تھا کہ اسے کس طرح کے سیکیورٹی خدشات ہیں۔ تاہم پاکستان نے کہا تھا کہ کیوی ٹیم کو بھارت سے ایک دھمکی آمیز ای میل کی گئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے اس اعلان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے بھی سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کس دنیا میں رہتا ہے؟ اب ان سے آئی سی سی میں ملاقات ہو گی۔
اس دورے کی منسوخی کے بعد انگلینڈ کی ٹیم نے بھی پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔