اوباما، کیمرون ملاقات میں لاکربی، ایران اور بی پی پربات چیت

صدر اوباما اور وزیر اعظم کیمرون

امریکی صدر براک اوباما اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نےوائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے 1988ء میں لاکربی کے مقام پر طیارے کی تباہی کے ذمہ دار لبیا کے شہری کو رہا کرنے پر نکتہ چینی کی ۔

صدر اوباما نے کہا کہ وہ اِس بات کے متمنی ہیں کہ اُنھیں یہ بتایا جائے کہ اسکاٹ لینڈ کے حکام نے عبدل باسط علی المغراہی کو گذشتہ سال کن انسانی بنیادوں پر رہا کیا۔ اُس وقت، ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ وہ کینسر کی بیماری میں مبتلا ہیں اور چند ماہ ہی زندہ رہ پائیں گے۔

صدر اوباما نے کہا کہ اُن کی رہائی ایک غلط فیصلہ تھا، اور اِس بات کے برعکس تھا کہ دہشت گردوں سے کس طرح سے پیش آنا چاہیئے، اور یہ کہ ایسا کرتے وقت اِس بات کو مدِ نظر نہیں رکھا گیا کہ اِس فیصلے سےبم حملے میں ہلاک ہونے والے 270مسافروں کے خاندانوں پر کیا گزری ہوگی۔

اُنھوں نے اِس امید کا اظہار کیا کہ حکومتِ برطانیہ اِس کیس کے تمام متعلقہ حقائق سے اُنھیں آگاہ کرے گی۔

وزیراعظم کیمرون نے المغراہی کو بےحد ظالم اور بے شمار لوگوں کا قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی رہائی ایک غلط فیصلہ تھا۔

صدر اور وزیر اعظم نے عالمی معیشت، ایران، افغانستان، اور اسرائیلی فلسطین تنازعے پر بھی بات چیت کی۔