پچھلے ماہ امریکہ کی معیشت میں روزگار کے مواقع میں کافی اضافہ ہوا۔ البتہ، اِن میں سے بیشتر عارضی ملازمتیں تھیں۔ اِس کے باوجود صدر اوباما کا خیال ہے کہ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔
مئی کے مہینے میں شرح میں یہ اضافہ کئی برسوں میں سب سے زیادہ ہے، جب روزگار کے چار لاکھ 31ہزار نئے مواقع پیدا ہوئے۔ نجی شعبے میں البتہ صرف 41ہزار روزگار کے مواقع نکلے۔ اِس سے ایک ماہ قبل، اِن کی تعداد دو لاکھ 18ہزار تھی۔
صدر اوباما کہتے ہیں کہ اِس کے باوجود یہ اعدادو شمار اُمید افزا ہیں۔اُنھوں نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری بحالی کا کام ابھی ابتدائی مراحل ہی سے گزر رہا ہے اوریہ کہ آگے چل کر اِس میں مزید اونچ نیچ بھی ہوگی، کیونکہ حالات کبھی بھی مکمل طور پر ایک ڈھنگ سے نہیں چلتے۔ البتہ، یہ رپورٹ اِس بات کی علامت ہے کہ ہماری معیشت روز بروز مضبوط ہوتی جارہی ہے۔
صدر نے جمعے کے روز واشنگٹن کے قریب ٹرک بیچنے والے ایک اسٹور کا دورہ کیا۔ گراج میں کھڑے ہوکر اُنھوں نے وہاں کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی معیشت میں مسلسل پانچ ماہ سے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ اگر آپ اِن عارضی ملازمتوں کو نظرانداز بھی کریں تو بھی ہمیں نجی شعبے میں روزگار کے مواقع بڑھتے ہوئے نظر آرہے ہیں جو ظاہر ہے بہت اہم ہیں۔
حزبِ اختلاف نے روزگار کے مواقع بڑھنے کا خیر مقدم کیا ہے لیکن اُنھوں نے یہ ماننے سے انکار کردیا ہے کہ اقتصادی بحالی میں پیش قدمی ہورہی ہے۔
ایوانِ نمائندگان میں ری پبلیکن لیڈر، جان بوہنر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ نااُمیدی کی بات ہے کہ یہ پیش قدمی عارضی ہے، کیونکہ یہ ٹیکس گزاروں کے ٹیکسوں سے چلنے والی سرکاری ملازمتیں ہیں۔
لیکن، مسٹر اوباما نے اِس کے جواب میں کہا ہے کہ نئی ملامتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اُنھوں نے جو اقتصادی قدم اُٹھائے ہیں اُن سے مثبت اثر مرتب ہو رہا ہے۔
صدر نے کہا کہ اِن اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ معیشت صحیح سمت جارہی ہے۔ ہم نے جو اقتصادی پالیسیاں شروع کی ہیں وہ کارگر ثابت ہورہی ہیں۔ یہ وہی معیشت ہے جو میرے حلف اُٹھانے کے وقت خطرناک رفتار سے سُکڑ رہی تھی اور اب تین سہ ماہیوں سے برابر بڑھتی چلی جا رہی ہے۔
اگر آپ اِن عارضی ملازمتوں کونظراندازبھی کریں تو بھی ہمیں نجی شعبے میں روزگار کےمواقع بڑھتے ہوئے نظر آرہے ہیں جو ظاہر ہے بہت اہم ہیں: صدر اوباما