اولان، اوباما ملاقات: یوروزون پربات چیت

مسٹر اولان ، جنھوں نے اِسی ہفتے کے اوائل میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، خطے میں اخراجات میں کمی لانے پر ذہن مرکوز کرنے کے بجائے، یورپ کے قرضہ جات کے بحران کو حل کرنے کے لیے افزائش کو فروغ دینے پر زیادہ زور دیتے ہیں

فرانس کے نئے صدر فرانسواں اولان اورامریکی صدر براک اوباما کےدرمیان جمعے کووائٹ ہاؤس میں پہلی بار تنہائی میں ملاقات ہوئی۔

دونوں صدور کی یہ ملاقات واشنگٹن سے باہر ایک صحت افزا مقام پر آٹھ صنعتی ممالک کے گروپ کے سربراہان کے اجلاس کے آغاز سےکچھ ہی گھنٹے قبل ہوئی، جس میں گروپ کے دیگر سربراہان بھی شرکت کر رہے ہیں۔

مذاکرات کے بعد نامہ نگاروں سےبات چیت کرتے ہوئے، صدر اوباما نے کہا کہ صدر اولان کے ساتھ اُن کی بات چیت یورو زون کی صورتِٕ حال پر مرتکز رہی۔

مسٹر اولان، جنھوں نے اِسی ہفتے کے اوائل میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے، خطے میں اخراجات میں کمی لانے پر ذہن مرکوز کرنے کے بجائے، یورپ کے قرضہ جات کے بحران کو حل کرنے کے لیے افزائش کو فروغ دینے پر زیادہ زور دیتے ہیں۔

مسٹر اوباما نے کہا کہ دونوں لیڈروں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ درپیش بحران عالمی معیشت کے لیے ’بےانتہا اہمیت‘ کا حامل ہے۔

اُنھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آج شام اور کل ہونے والےاجلاس کے دوران آٹھ کےگروپ کے راہنما مضبوط شرح نمو کو سامنے رکھتے ہوئے، افزائش پر مبنی مالی استحکام حاصل کرنے کے لیے ذمہ دارانہ حکمت علمی اپنانےکے بارے میں سودمند گفتگو کریں گے۔


مسٹر اولان نے کہا کہ یونان کے یوروزون میں رہنے کےمعاملے پر صدر اوباما اور خود اُن کے خیالات میں یکسانیت تھی، اور دونوں نے تمام بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کی جائیں۔

امریکی اور فرانسیسی راہنماؤں نے افغانستان کے بارے میں بھی گفتگو کی، جب کہ مسٹر اولان انتخابی مہم کے دوران کیے گئے اپنے وعدے پر قائم ہیں کہ اسی سال کے آخر تک فرانس کی فوج کو افغانستان سے نکل جانا چاہیئے۔

تاہم، فرانسیسی صدر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ فرانس مختلف طریقوں سے افغانستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ اُنھوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ یہ اقدامات کیا ہوں گے، لیکن اُن کا کہنا تھا کہ ایسا کرتےہوئے فرانس افغانستان میں موجود نیٹو فورس کے اپنے اتحادیوں کی خواہش کا خیال رکھے گا۔