امریکہ کے صدر براک اوباما 20 جنوری کو ہونے والے اپنے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب سے پہلے ایسے خیالات کو فروغ دے رہے ہیں جس سے امریکی معیشت اور زیادہ تعداد میں امریکی شہریوں کی معیار زندگی کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔
بدھ کو آئیووا میں سڈار فالز میں سامعین سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ امریکی معیشت مضبوط ہو رہی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس سے زیادہ امریکیوں کے لیے ان کی زندگی میں بہتری آئے۔
"اکیسویں صدی جو جدت اور ٹیکنالوجی کا زمانہ ہے اور ہم جس خوشحالی کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اور روزگار کے کئی مواقع جو ہم پیدا کرنا چاہتے ہیں اس کا انحصار ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی معیشت پر ہے، اس کا انحصار ہماری مربوط خریداری کرنے کی صلاحیت اور آن لائن سائیبر سپیس کے ذریعے کاروبار کرنے پر ہے۔"
صدر اوباما نے کہا کہ کامیاب ہونے کے لیے ضروری ہے کہ زیادہ امریکیوں کو براڈ بینڈ کی تیز تر اور سستی سہولت تک رسائی ہو۔
"اس کا تعلق کسی بڑی سڑک کے کسی بھی تاجر اور چھوٹے دکاندار کو سلیکون ویلی کے لوگوں سے مقابلہ کرنے کا موقع دینے سے ہے یا (انہیں ) بین الاقوامی رسائی ہو۔ اس سے مراد یہ ہے کہ طلباء کو آن لائن کورسز تک رسائی اور روزگار کے ایسے مواقع میں مدد دینا جو ان کے خوابوں کو پورا کرنے میں معاون ہو سکتے ہیں"۔
پیر کو صدر اوباما نے ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت شناخت کی چوری کے خلاف قوانین کو زیادہ مضوبط کیا جائے گا اور اس کے تحت یہ کاروباری کمپنیوں پر لازم ہو گا کہ وہ اپنے صارفین کو تیس دن کے اندر آگاہ کریں کہ ان کی معلومات کو ہیک کر لیا گیا ہے اور اگر انھوں نے اپنے صارفین کی معلومات کو بیرون ملک فروخت کیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔