ٹیکس میں اضافہ، ایک ہزار بھارتی سینما ہال بند ہو گئے

مالکان کا کہنا ہے کہ ایسویسی ایشن حکومت کو 30 فیصد ٹیکس ادا کر رہی ہے اس کے باوجود یونین حکومت 8 فیصد لیوی ٹیکس سمیت 28 فیصد نیا جنرل ایکسائز ٹیکس نافذ کررہی ہے۔

بھارت میں یکم جولائی سے نافذکی جانے والی ٹیکس اصلاحات کے خلاف سینما مالکان سراپا احتجا ج ہیں جس کے باعث ملک میں ایک ہزار سینما گھروں کے دروازے شائقین کے لئے بند ہو چکے ہیں ۔

سینما مالکان ٹیکس میں اضافے کے باعث احتجاج کررہے ہیں اور پچھلے چار دنوں سے ہڑتال پر ہیں۔

ہڑتال کے سبب بہار، اتر پردیش کرناٹک اور تامل ناڈو جیسی ریاستوں میں جہاں سنیما ہالز آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہیں وہاں سنیما گھروں میں سناٹے کا راج ہے۔

تامل ناڈو فلم ایگزیبشن ایسویسی ایشن کی جانب سے بطور احتجاج ریاست کے ایک ہزار سینما گھر بند کر دیئے گئے۔

مالکان کا کہنا ہے کہ ایسویسی ایشن حکومت کو 30 فیصد ٹیکس ادا کر رہی ہے اس کے باوجود یونین حکومت 8 فیصد لیوی ٹیکس سمیت 28 فیصد نیا جنرل ایکسائز ٹیکس نافذ کر رہی ہے ۔

سینما مالکان کے مطابق سینما گھروں سے 10 لاکھ افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ اس شعبے پر ٹیکسوں کی نئی شرح ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فلم کا ٹکٹ 100 روپے ہے۔ اس پر60 فیصد ٹیکس کا بوجھ اٹھانا مالکان کے لئے قابل قبول نہیں۔

اخبار’ ممبئی مر ر‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیرخزانہ ڈی جیا کمار اور صدر تامل ناڈو تھیڑ و ڈسٹری بیوشن ایسویسی ایشن کے درمیان ٹیکس اصلاحات سے متعلق مذاکرات ہوئے ہیں۔

وزیر خزانہ کی جانب سے یقین دلایا گیا ہے کہ جلد ہی مسائل کا حل نکال لیا جائے گا۔