امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس "فیس بک" اور "ٹوئٹر" پر بتایا کہ فائرنگ کے دو مختلف واقعات ایک ہی علاقے میں ہوئے جن میں ایک خاتون ہلاک ہو گئیں۔
زخمی ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں مقامات کو پوری طرح سے کلیئر کروا لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تاحال اس کے محرکات سامنے نہیں آئے ہیں اور نہ ہی کسی طرح کی گرفتاری کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
فائرنگ کا یہ تازہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب کہ ملک میں حالیہ مہینوں کے دوران ایسے متعدد ہلاکت خیز واقعات رونما ہو چکے ہیں کہ اور اوباما انتظامیہ شہریوں کے اسلحہ رکھنے سے متعلق اصلاحات پر زور دے رہی ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں ایک سابق فوجی اہلکار نے ڈیلاس میں فائرنگ کر کے پانچ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
گزشتہ ماہ فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں ایک نائٹ کلب میں ایک مشتبہ شدت پسند نے فائرنگ کر کے 49 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔