آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار میریئن کوٹیلرڈ اور جولیٹ بنوشے سمیت اسکرین اور میوزک کے دیگر فرانسیسی ستاروں نے اپنے سر کے بال کاٹ کر نوجوان ایرانی خاتون مہسا امینی کی اخلاقی پولیس کی حراست میں ہلاکت کے خلاف اور خواتین کے حقوق کے لئے کھڑے ہونے والے ایرانی مظاہرین کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
ان ستاروں نے ایرانی خواتین کی ساتھ یکجہتی میں اپنے سر کے بالوں کی کچھ لٹیں کاٹنے کی ویڈیو بھی جاری کی۔
ادارکارہ بنوشے نے اپنے سر کے بالوں کو قینچی سے کاٹنے کے بعد انہیں کیمرے کے سامنے دکھاتے ہوئے کہا "آزادی کے لیے"۔
ایرانی خواتین کے حق میں بنائی جانی والی اس ویڈیو کے ساتھ ہیش ٹیگ "ہیئر فار فریڈم" یعنی" آزادی کے لیے بال" استعمال کیا جا رہاہے۔
ایران میں بائیس سالہ مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں اور دنیا کے کئی ممالک میں خواتین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے ایرانی مظاہرین کی حمایت میں صدائے احتجاج بلند کی ہے
Your browser doesn’t support HTML5
ایرانی حکام کے مطابق اخلاقی پولیس نے امینی کو اسلامی لباس کے کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا تھا جس کے تین روز بعد وہ دل کا دورہ پڑنے سے ایک ہسپتال میں فوت ہوگئیں۔
اداکاروں میریئن کوٹیلرڈ اوربنوشے اور درجنوں دیگر خواتین کی اپنے بالوں کو کاٹنے کی اس ویڈیو کو، انسٹاگرام اکاؤنٹ "soutienfemmesiran" پر جاری کیا گیا جس کا ترجمہ "ایران میں خواتین کی حمایت" بنتا ہے۔
ویڈیو پوسٹ میں تحریر کیا گیا کہ "یہ(ایرانی ) خواتین اور مرد ، ہم سے مدد مانگ رہے ہیں۔ ان کی ہمت اور ان کا وقار ہمیں (ان کی حمایت کرنے پر) مجبور کرتا ہے"۔
پوسٹ میں ستاروں نے کہا کہ انہوں نے اپنے کچھ بال کاٹ کر اپیل کا جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ویڈیو میں اداکار شارلٹ ریمپلنگ اور شارلٹ گینس برگ بھی شامل ہیں جنہیں اپنی والدہ گلوکارہ جین برکن کے بالوں کی لٹیں کاٹتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔