پاکستان نے امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کے اُس بیان کو” قیاس آرائیاں “ قرار دے کر مسترد کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ القاعدہ کا سربراہ اُسامہ بن لادن پاکستانی علاقوں میں چھپا ہوا ہے اور حکومت کے کچھ عناصر کو اُس کی پناہ گاہ کا علم ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے پاکستان پر ایسے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں اور یہ محض قیاس آرائیاں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اُن کا ملک دہشت گردی کے خلاف بہت زیادہ قربانیاں دے رہا ہے اس لیے ”ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے“۔ وزیر خارجہ قریشی نے کہا کہ اگر کسی کے پاس اسامہ بن لادن کی پاکستان میں موجودگی کے بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت ہیں تو وہ پاکستانی حکام کو دیے جائیں تاکہ اُس پرکارروائی کی جائے۔