نواب شاہ: ٹریفک حادثے میں طالب علموں سمیت 20 ہلاک

فائل فوٹو

زخمیوں کو فوری طور پر پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں بدھ کو ایک اسکول وین اور ٹرک میں تصادم سے کم از کم 17 طالب علموں سمیت 20 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

یہ حادثہ قاضی آباد کے علاقے میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق بچے اساتذہ کے ہمراہ اسکول سے ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ علاقے کی نسبت مصروف شاہراہ پر یہ حادثہ پیش آیا۔

ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

نواب شاہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، حادثے کے بعد اسکول وین مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ بظاہر تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، لیکن پولیس نے حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پاکستان میں اس سے قبل مہلک ٹریفک حادثات میں اسکولوں کے بچے بھی نشانہ بنتے رہے ہیں۔