افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں ایک سال توسیع

حکومت پاکستان نے ملک میں باقاعدہ اندراج شدہ افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔

پاکستان میں مقیم 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان پناہ گزین کے قیام کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی تھی جس میں 30 اب جون 2020 تک توسیع کر دی گئی ہے۔

پاکستان کی سرحدی امور کی وزارت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق یہ توسیع کابینہ کے فیصلے کے بعد کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ کابینہ نے افغان سٹیزن کارڈز کی مدت میں بھی رواں سال 31 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔

پاکستان، افغانستان اور اقوام متحدہ کے افغان پناہ گزینوں سے متعلق ادارے کے درمیان سہ فریقی معاہدے میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی طرف سے افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں توسیع کا فیصلہ ایک ایسے میں وقت ہوا جب افغان صدر اشرف غنی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق عمران خان نے افغان صدر کو پناہ گزینوں کی پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔

پناہ گزینوں سے متعلق قائم اقوام متحدہ کے ادارے یعنی 'یو این ایچ سی آر' نے پاکستان کی جانب سے پناہ گزینوں کے قیام میں توسیع کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ادارے کے قائم مقام ترجمان آصف شہراز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ اقدام افغان پناہ گزینوں کے لیے اطمینان بخش ہے۔

فائل فوٹو

فائل فوٹو

افغانستان میں انسانی حقوق کی غیر سرکاری تنظیم 'افغانستان ہیومن رائٹس آرگنائزیشن نے بھی پاکستان کے فیصلے کی تعریف کی ہے۔

تنظیم کے چیئرمین لعل گل لعل نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کے مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنا ضروری ہے۔

بعض مبصرین کا یہ موقف رہا ہے کہ افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپسی ہی مسئلے کا حل ہے۔

اقوام متحدہ کے عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ توسیع کے فیصلے کے باوجود افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ واپسی جاری رہے گی۔

یواین ایچ سی آر کے مطابق رواں سال پاکستان سے دو ہزار افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ افغانستان واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان ایک طویل عرصے سے افغان پناہ گزنیوں کی میزبانی کرتا آ رہا ہے۔ پاکستانی عہدیداروں کا یہ کہنا ہے کہ پاکستان افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ وطن واپیسی کے لیے ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کرتا رہے گا۔

پاکستان میں اندراج شدہ 14 لاکھ افغان پناہ گزین جب کہ ساڑھے آٹھ لاکھ افغان شہری مقیم ہیں جو افغان سٹیزن کارڈز رکھتے ہیں۔ پاکستان نے ایسے افغان شہریوں کی پاکستان میں قیام میں 31 اکتوبر 2019 تک توسیع کر دی ہے۔