ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت پھر ایک ہی گروپ میں شامل

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے آئندہ دو برس کے کرکٹ کیلنڈر کا اعلان کر دیا ہے جس میں رواں برس شیڈول ایشیا کپ کے گروپس کا بھی اعلان شامل ہے۔

اے سی سی کے صدر جے شاہ نے منگل کو ایشین کرکٹ کونسل کے آئندہ دو برس کے کیلنڈر کا اعلان کیا جس کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ 'ون' میں شامل ہیں اور اس گروپ کی تیسری ٹیم کا فیصلہ کوالی فائنگ راؤنڈ کے بعد ہو گا جب کہ گروپ 'ٹو' میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔

خیال رہے کہ ستمبر میں شیڈول ففٹی اوور ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے۔ تاہم بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

بھارت نے ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز دی تھی جسے پاکستان کرکٹ بورڈ نے مسترد کر دیا تھا۔ تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا کہ ایشیا کپ کا انعقاد کہاں ہو گا۔

بھارت کے انکار پر سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو پھر پاکستان بھی اکتوبر، نومبر میں بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کھیلنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گا۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو طرفہ سیریز نہیں کھیلتیں، تاہم ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی کے دیگر ایونٹس میں دونوں ٹیمیں مدِمقابل آتی ہیں۔

آخری مرتبہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گزشتہ برس آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔