​آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کا اعلان، قیادت شعیب ملک کریں گے

فائل فوٹو

آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سیریز میں سرفراز احمد کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جب کہ سرفراز سمیت چھ کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

ان کھلاڑیوں میں سرفراز احمد کے علاوہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان شامل ہیں۔

حارث سہیل، جنید خان، عمر اکمل اور یاسر شاہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ محمد حفیظ ان فٹ ہیں اور حسین طلعت کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

سولہ رکنی اسکواڈ میں شعیب ملک، عابد علی، فہیم اشرف،حارث سہیل، عماد وسیم، امام الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حسنین، محمد رضوان، سعد علی، شان مسعود، عمر اکمل، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

اسکواڈ میں مجموعی طور پر آٹھ کھلاڑیوں کو تبدیل کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ عابد علی، حارث سہیل، جنید خان، محمد عباس، محمد حسنین، سعد علی، عمر اکمل اور یاسر شاہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

سرفراز احمد

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ہم اس قابل ہوگئے ہیں کہ پچھلی سیریز کے مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کرسکیں۔

ان کے بقول یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی علامت ہے کیوں کہ ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کا بڑا پول موجود ہے۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ چیمپئن ٹیم کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی، حقیقت میں یہ ان کھلاڑیوں کا امتحان ہوگی۔ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا جس کی بنیاد پر وہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔

ٹیم 18 مارچ کو متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگی جب کہ میچز 22، 24، 27، 29 اور 31 مارچ کو شارجہ، ابوظہبی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

سینتیس سالہ شعیب ملک 279 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ انہوں نے 38 میچوں میں ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔

شعیب ملک کی کپتانی میں پاکستان نے 25 میچ جیتے جب کہ 13میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

شعیب ملک 7379 رنز بناچکے ہیں جس میں نو سینچریاں بھی شامل ہیں جب کہ وہ اسپن بالنگ کرتے ہوئے 156 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔