پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کی صُبح شمالی وزیرستان میں ایک فوجی تنصیب پر راکٹ حملے میں کم از کم تین فوجی ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے کے انتظامی مرکز میران شاہ میں سکاؤٹس فورس کے قلعہ پر یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب سکاؤٹس ملک کے 65 ویں یوم آزادی کی پریڈ میں مصروف تھے۔
اطلاعات کے مطابق حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے عسکریت پسندوں کے خلاف جوابی کارروائی بھی کی گئی۔ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قریبی پہاڑی سلسلے پر کی گئی گولہ باری میں دو جنگجو مارے گئے جب کہ کم از کم پانچ زخمی ہوئے۔
شورش زدہ قبائلی علاقوں پر ذرائع ابلاغ کی محدود رسائی کے باعث غیر جانبدار ذرائع سے معلومات کی تصدیق کرنا تقریباً ناممکن ہے۔
اتوار کو ہونے والا حملہ شمالی وزیرستان میں کسی فوجی تنصیب کے خلاف طویل عرصے کے بعد پہلی بڑی کارروائی ہے۔