پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے آئندہ سال کے اوائل میں بھارت میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بدھ کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ تحریری طور پر بھارت کی بلائنڈ کرکٹ کونسل کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ بھارت میں حالات سازگار نہیں لہذا ان کی ٹیم سلامتی کے خدشات کے باعث اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکتی۔
سخت گیر موقف رکھنے والی ہندو تنظیم "شیو سینا" کی طرف سے حالیہ دنوں میں نہ صرف بھارت آئے ہوئے پاکستانی فنکاروں کو واپس چلے جانے کے لیے دباؤ ڈالا بلکہ رواں ہفتے ہی دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے عہدیداروں کی ملاقات کے موقع پر بھی شیوسینا نے ہنگامہ آرائی کی جس سے یہ ملاقات نہ ہو سکی۔
مزید برآں آئی سی سی کے پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھی بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایک روزہ میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام نہ دینے اور بھارت سے چلے جانے کا ہنگامہ خیز مطالبہ کیا۔
اس ساری صورتحال میں بھارتی حکومت کی طرف سے کوئی قابل ذکر ردعمل سامنے نہیں آیا جس پر مبصرین انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والی شیو سینا کی کارگزاریوں کو درپردہ حکومتی حمایت حاصل ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کر رہے ہیں۔
سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ یہ وہ تمام حالات ہیں جن میں ان کے نزدیک یہ مناسب نہیں کہ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم بھارت جائے۔
"جو کچھ وہاں ہو رہا ہے جو انتہا پسندی ہو رہی ہے پھر یہ ٹورنامنٹ کیرالہ میں ہونا تھا تو آپ کو پتا ہے وہاں بھی کچھ چرچز کو نقصان پہنچایا گیا ہے تو ایسے میں ہم اگر وہاں جاتے اور نہ کھیل سکتے یا واپس آجاتے تو یہ بہت ہتک کی بات ہوتی۔"
بلائنڈ کرکٹ ایشیاکپ ٹورنامنٹ 17 سے 24 جنوری 2016ء کو بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں منعقد ہو رہا ہے جس کے لیے مختلف ملکوں کی ٹیموں کی طرف سے ابھی شرکت کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا شمار اس نوعیت کی کرکٹ کی اہم ٹیموں میں ہوتا ہے جو کہ عالمی چیمپیئن بھی رہ چکی ہے۔
بھارت اور پاکستان کے تعلقات تو حالیہ مہینوں میں کشیدہ تھے ہی لیکن فنکاروں اور کھیل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے ہندو تنظیم کی طرف سے ایک بار پھر مخاصمانہ لہر نے تعلقات کو معمول پر لانے کی امیدوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
ادھر ایسی خبریں بھی آرہی ہیں کہ بھارت ہی میں آئندہ ماہ ہونے والے کبڈی کے عالمی کپ مقابلے بھی سلامتی کے خدشات کے باعث منسوخ کر دیے گئے ہیں۔