پاکستان میں ہفتہ کو عید الفطر منائی جا رہی ہے اور ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے اس موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے نظم و ضبط، خلوص اور رواداری کے پیغامات دیے ہیں۔
صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عملدرآمد کرنے سے ہی معاشرے میں موجود ناانصافیوں میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو ان افراد کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی زندگیوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں نماز عید ادا کی اور ملک و قوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالفطر کی نماز پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجیوں کے ساتھ ادا کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کے مطابق جنرل باجوہ کا اس موقع پر فوجیوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ اپنے گھروں سے دور اپنے وطن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے فرائض کی انجام دہی کے دوران عید مناتے ہوئے انھیں فخر کرنا چاہیے۔
ملک بھر کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں نماز عید کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
ادھر پاکستان کے لیے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے بھی عید الفطر کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5