قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس سے کم از کم 50 شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق جمعہ کو سکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں جنگجوؤں کی کئی پناہ گاہوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں فرنٹیئر کور کے اہلکاروں اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا تازہ سلسلہ جمعرات کو شروع ہوا جب کہ عسکریت پسندوں نے باعزئی میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر خودکا رہتھیاروں سے حملہ کرکے چار اہلکاروں کا ہلاک اورآٹھ کو زخمی کر دیا۔
فرنٹئیر کور کے مطابق اُس کے اہلکاروں نے حملے کو پسپا کر کے 10 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا تھا۔
مہمند ایجنسی میں ہونے والے ان ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے کیوں کہ میڈیا کو یہاں تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
دریں اثنا پشاور میں جمعہ کی صبح ایک بم دھماکے میں ایک مقامی پولیس تھانے کا سربراہ زخمی ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ دو دنوں میں پولیس پر ہونے والا یہ دوسرا حملہ تھا۔