پاکستان کےشمال مغربی شہر بنوں سے ملحقہ نیم قبائلی علاقے میں بدھ کو شدت پسندوں کے ایک حملے میں بااثر سراغ رساں ادارے کے دو اہلکار ہلاک اور مزید دو زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ اہلکار بنوں سے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان جا رہے تھے جب نامعلوم مسلح افراد نے جانی خیل کے قریب اُن کی گاڑی کو مختلف سمتوں سے نشانہ بنایا۔
اس واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے جانی خیل اور بنوں کے نواحی علاقے میریان میں سرچ آپریشن کرکے دو مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
حکام نے فوری طور پر اس واقعہ کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
بنوں سے ملحقہ نیم قبائلی علاقے میں گزشتہ سال سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی تھی، جب کہ عسکریت پسند اس علاقے میں سکیورٹی فورسز ارو دیگر سرکاری اہداف کو وقتاً فوقتاً نشانہ بناتے رہے ہیں۔