افغانستان میں مفاہمتی عمل کو فروغ دینے کے لیے قائم پاک افغان مشترکہ کمیشن کے ورکنگ گروپ کا تیسرا اجلاس جمعہ کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں شرکت کے لیے افغانستان کے نائب وزیر خارجہ جاوید لودِن جمعرات کو پاکستان پہنچے ہیں۔
مذاکرات میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکرٹری خارجہ سلمان بشیر کریں گے جب کہ دونوں ملکوں کے فوجی و انٹیلی جنس عہدے دار بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کے دوران افغانستان میں قیام امن اور طالبان سے مفاہمت کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس سے قبل دونوں ملکوں کے عہدے دار اسلام آباد اور کابل میں اس بارے میں بات چیت کر چکے ہیں۔
پاکستان کی سیاسی قیادت اپنے افغان ہم منصبوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے یہ کہہ چکی ہے کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اس کی اولین ترجیح ہے۔