پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو دورہ آئرلینڈ کے لیے دو ایک روزہ میچوں کے لیے کپتان مقرر کیا ہے۔
جمعرات کو بورڈ کی طرف سے آئرلینڈ کے خلاف رواں ماہ 28اور 30تاریخ کو بلفاسٹ میں ہونے والے ایک روزہ میچوں کے لیے ٹیم کا اعلان کیاگیا ۔ ان میچوں میں ٹیم کی قیادت مصباح الحق کریں گے جب کہ شاہد آفریدی 16رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
بورڈ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ پالیسی کے مطابق کپتان کی تقرری کا فیصلہ ہر سیریز کے جائزے کے بعد کیا جاتا ہے۔ لیکن قومی ٹیم کے ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ شاہد آفریدی کو کپتانی سے ہٹائے جانے کی وجہ گذشتہ ہفتے ان کی طرف سے ٹیم انتظامیہ کے بارے میں دیے گئے اختلافی بیانات ہیں۔
شاہد آفریدی ویسٹ انڈیزکے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد آٹھ مئی کو وطن واپس پہنچے تھے ۔ پاکستان آمد پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وہ ٹیم انتظامیہ کے رویے پر نالاں دکھائی دیے۔ ان کا کہنا تھاکہ انھیں اپنے کام میں کسی کی مداخلت پسند نہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ میں کچھ ایسی خبریں منظرعام پر آئی تھیں کہ ٹیم سلیکشن کے حوالے سے شاہد آفریدی اور کوچ وقار یونس کے درمیان اختلافات دورہ ویسٹ انڈیز میں شدت اختیار کرگئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہد آفریدی کے اس بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کرنے کا اعلان کیا تھا۔