پاکستان سپر لیگ کا 27 مارچ سے آغاز

سپر لیگ کے لوگو کی تقریب رونمائی

ٹورنامنٹ کی آمدن کا اندازہ دس کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے جس سے پی سی بی، فرنچائز مالکان اور کھلاڑی مستفید ہوں گے۔ ٹیموں کی فرنچائز اور کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل فروری کے اواخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے دنیا میں مقبول ٹی ٹوئنٹی کرکٹ طرز کی پاکستان سپر لیگ کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

لاہور میں ہونے والی ایک تقریب میں بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف اور کرکٹ کی عالمی تنظیم کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے پاکستان سپر لیگ کے ’لوگو‘ کی رونمائی کی۔

اس موقع پر ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ممکن ہوسکے گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی سی ایل) کے مینیجنگ ڈائریکٹر سلمان بٹ نے بتایا کہ لیگ میں ابتدائی طور پر پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں پاکستان کے شہروں کے نام دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیموں میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے اور یہ ٹورنامنٹ 27 مارچ سے سات اپریل تک جاری رہے گا۔

ٹورنامنٹ کی آمدن کا اندازہ دس کروڑ ڈالرز لگایا گیا ہے جس سے پی سی بی، فرنچائز مالکان اور کھلاڑی مستفید ہوں گے۔ ٹیموں کی فرنچائز اور کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل فروری کے اواخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف نے اس موقع پر کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور سری لنکن لیگ کے بعد پاکستان میں ایک کرکٹ لیگ کے انعقاد کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی اور اس بارے میں دیگر کھلاڑی سے ان کی مشاورت کا انھیں مثبت جواب ملا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی فرنچائز حاصل کرنے کے لیے مختلف ملکوں کے کاروباری حضرات جن میں امریکہ اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں، نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔