کرکٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم زمبابوے روانہ

فائل فوٹو

ٹی ٹوئنی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ زمبابوے کو ایک آسان حریف نہیں سمجھتے

پاکستان کی کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف کرکٹ سیریز کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔

اس سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے ہو رہا ہے جس میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے۔

یہ تمام میچز ہرارے میں کھیلے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کر رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ زمبابوے کو ایک آسان حریف نہیں سمجھتے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں ایک مرتبہ میچ آپ کے ہاتھ سے نکل جائے تو اس کا واپس حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے۔

اس بار ٹیم میں سینیئر کھلاڑیوں کے ساتھ نوجوان کرکٹرز کو بھی موقع دیا جا رہا ہے۔ پاکستانی اسکواڈ میں محمد حفیظ، احمد شہزاد، مختار احمد، عمر اکمل، صہیب مقصود، شعیب ملک، عامر یامین، محمد عرفان، بلال آصف، وہاب ریاض، سہیل تنویر، عماد وسیم، محمد رضوان اور عمران خان جونیئر شامل ہیں۔

ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بدستور اظہر علی کے سپرد ہے۔

زمبابوے کی ٹیم نے رواں سال مئی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جو کہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والے کسی بھی بین الاقوامی ٹیم کا چھ سال میں پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔