انگلینڈ کے خلاف کرکٹ کی حالیہ ٹیسٹ سیریز میں مبینہ طور پر سٹے بازی میں ملوث پاکستان کے تین کھلاڑی، کپتان سلمان بٹ، فاسٹ باؤلر محمد آصف اور محمد عامر جلد وطن واپس آرہے ہیں۔
قومی ٹیم کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ برطانوی پولیس نے تینوں کھلاڑیوں پرکوئی فردِجرم عائد نہیں کی ہے۔ مزید برآں اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے ” میچ فکسنگ“ کے ا سکینڈل کی تحقیقات میں سکاٹ لینڈ یارڈ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور اس موقف پر ڈٹے رہے کہ وہ بے گناہ ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ بٹ ، عامر اور آصف نے پولیس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات کے دوران ضرورت پڑنے پر وہ انگلینڈ واپس آئیں گے۔
تینوں پاکستانی کھلاڑیوں پرسٹے بازی کا الزام ہے جب کہ محمد آصف اور محمد عامر پرالزام ہے کہ سٹے بازوں سے بھاری رقوم وصول کر کے انھوں نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پہلے سے طے شدہ مواقع پر جان بوجھ کر نو بالیں کراوئیں۔
یہ انکشاف برطانیہ کے ایک اخبار ”نیوز آف دی ورلڈ “نے کیا تھا ۔ تاہم پاکستانی حکام اور کھلاڑیوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ اس اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونے تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی ہے۔