پاکستان اور برطانیہ کے مابین ’اینہانسڈ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ‘ کے پہلے سالانہ جائزہ میں شرکت کے لیے وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی آئندہ ماہ لندن جائیں گے۔
اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 8 سے 13 مئی تک جاری رہنے والے اس دورے میں وزراء اور اراکین پارلیمان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی مسٹر گیلانی کے ہمراہ ہو گا۔
وزیرِ اعظم کے دورہِ برطانیہ کا باضابطہ اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب پاکستان کی سپریم کورٹ 26 اپریل بروز جمعرات کو اُن کے خلاف توہین عدالت سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سنانے جا رہی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم گیلانی دورہِ برطانیہ کے دوران وزراء، اراکین پارلیمان، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
’’وزیرِ اعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ دونوں ممالک استحکام اور امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عالمی و علاقائی اُمور میں تعاون کر رہے ہیں۔‘‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ پاکستانی اور برطانوی رہنماؤں کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر غور کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
اینہانسڈ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا آغاز گزشتہ اپریل برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے دورہِ پاکستان کے موقع پر ہوا تھا، اور یہ تجارت، اقتصادی و ترقیاتی تعاون، تعلیم و صحت، اور دفاع و سلامتی سے متعلق اُمور کا احاطہ کرتا ہے۔