نیا ڈرامہ سیریل ”بڑی آپا“، ہمارے معاشرے کی اپنی کہانی

بڑی آپا

موجودہ دور کے بے شمار نجی ٹی وی چینلز میں اگر پی ٹی وی کا حقیقی وارث کسی چینل کو کہا جاسکتا ہے تو وہ ”ہم “ ٹی وی ہے۔ اس سے پیش ہونے والےڈراموں میں وہی چاشنی ، وہی مزہ اور وہی اپنا پن ہے جو ہماری معاشرتی زندگی کا حصہ ہے
عام زندگی سے قریب تر کہانیاں پاکستانی ڈراموں کی خاصیت رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈرامہ دیکھنے والوں کو یہ کہانیاں کبھی بالکل اپنی تو کبھی دیکھی بھالی لگتی ہیں۔ پی ٹی وی کے ڈراموں کی تاریخ اس خیال سے بھری پڑی ہے۔ سچ پوچھئے تو پی ٹی وی کے ڈراموں کی کامیابی اس نقطے کی مرہون منت ہے۔

موجودہ دور میں کے بے شمار نجی ٹی وی چینلز میں اگر پی ٹی وی کا حقیقی وارث کسی چینل کو کہا جاسکتا ہے تو وہ ”ہم “ ٹی وی ہے۔ اس سے پیش ہونے والےڈراموں میں وہی چاشنی ، وہی مزہ اور وہی اپنا پن ہے جو ہماری معاشرتی زندگی کا حصہ ہے۔

اسی چینل سے اب ایک اور نیا ٹی وی ڈرامہ ”بڑی آپا“ شروع ہونے جارہا ہے۔ بڑی آپا“ ایک ایسا کردار ہے جو شاید اب بھی کئی گھر میں موجود ہے۔ یہ وہ کردارہے جو گھر کے باقی تمام لوگوں پر اپنے ’بڑے‘ ہونے کا حق رکھتا ہے۔ بڑی آپا کا مرکزی کردار ”زبیدہ“ ہیں جو بنیادی طور پر ایک سخت اور حاکمانہ مزاج کی مالک ہیں۔

ڈرامہ سیریل بڑی آپا کا ایک منظر


فرحان بڑی آپا کے شوہر کا نام ہے ۔ وہ بھی اپنی بیگم کے سخت مزاج سے بخوبی واقف ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ بیگم کا کہا ہر لفظ حکم کے درجے میں لیتے ہیں ۔ لیکن ان کی ایک اور کمزوری بھی ہے جس کی بڑی آپا کو بھی کانوں کان خبر نہیں۔ فرحان اختر نے ان سے چھپ کر ایک اور شادی کررکھی ہے۔

فرحان کو معلوم ہے کہ یہ راز کھلنے سے گھر میں قیامت کھڑی ہوجائے گی،اوربھونچال آجائے گا ۔لیکن اس خوف کا ان کے پاس کوئی مستقل حل نہیں۔ یہ بڑی آپا کے گھر کا پہلا مسئلہ ہے ۔۔مگر خفیہ!!

بڑی آپا اور فرحان کی ایک بیٹی بھی ہے ۔۔شرمین۔ شرمین ایک لڑکے کے لئے اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتی ہے اور اس سے شادی کی خواہشمند ہے لیکن بڑی آپا کے مزاج کو سمجھتے ہوئے سب جانتے ہیں کہ وہ کبھی بھی اپنی مرضی کے خلاف شرمین کو شادی نہیں کرنے دیں گی۔ ۔۔۔یہ اس گھر کا دوسرا اہم مسئلہ ہے۔

کافی سوچنے اور غور کرنے کے بعد بلاخر شرمین اپنے انکل غضنفر کو اپنا ہم راز بناتے ہوئے انہیں آپا کو منانے کی ذمے داری سونپتی ہے۔ ۔۔کیوں کہ شرمین جانتی ہے کہ بڑی آپا ان کا کہا مان لیتی ہیں۔۔۔اور اس کی وجہ یہ ہے غضنفر اور بڑی آپا ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے ، لیکن بڑی آپا نے شادی کے لئے مالی طور پر ایک آسودہ شخص کا انتخاب کیااور یوں غضنفر تنہارہ گئے۔

ڈرامہ سیریل بڑی آپا کا ایک منظر


مگر بڑی آپاکا غضنفر کے لئے ہمدردی کا اظہار کئی اپنے اندر کئی معنی رکھتا ہے۔۔۔یہ اس گھر کا ایک اور اہم راز ہے جو شاید فرحان کو بھی نہیں معلوم اور بڑی آپا اسے کبھی بتانا بھی نہیں چاہتیں۔ ۔۔تو ہوگا کیا ؟ جب بڑی آپا کے شوہر کی شادی کا راز سب پر کھلے گا۔۔۔انکل غضنفر کہاں جائیں گے۔۔بڑی آپا پر کیا گزرے گی اور کیا شرمین اپنے بزرگوں کی پسند“ کے آگے اپنی پسند کو حاصل کرپائے گی؟؟

ان بہت سے سوالات کا صرف ایک ہی جواب ہے۔ ۔۔بڑی آپا۔ جسے تحریرکیا ہے سمیرہ فضل نے اور ہدایات دی ہیں سیف حسن نے۔ پیشکش مومنہ د ُریدکی ہے جبکہ فنکاروں میں شامل ہیں نعمان اعجاز‘ سویرا ندیم‘ عائشہ خان‘ سعدیہ امامجبران اور انوشے عباسی ۔