شمالی وزیرستان: مشتبہ امریکی میزائل حملے میں چار ہلاک

شمالی وزیرستان: مشتبہ امریکی میزائل حملے میں چار ہلاک

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں منگل کو علی الصباح مشتبہ امریکی ڈرون حملے میں کم ازکم چار مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق مرکزی قصبے میران شاہ میں جاسوس طیارے سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف مشتبہ عسکریت پسندوں کا ایک گھر اور گاڑی تھا۔ حملے میں دو مبینہ جنگجو زخمی بھی ہوئے۔

گزشتہ ہفتے میران شاہ کے قریب ایک ایسے ہی میزائل حملے میں کم ازکم 21مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکہ ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کرتا لیکن اس کا کہنا ہے کہ ان قبائلی علاقوں میں القاعدہ سے منسلک طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانے ہیں جہاں سے یہ سرحد پار افغانستان میں اتحادی افواج پر حملے کرتے ہیں۔ پاکستان ڈرون حملوں پر احتجاج کرتا آیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔