قبائلی علاقے شمالی وزیر ستان میں ہفتے کے روزایک مشتبہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم تین مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی قصبے میرعلی سے تقریباً 25کلومیٹر کے فاصلے پر ایک گاؤں میں ڈرون طیارے سے داغے گئے میزائلوں کا ہدف شدت پسندوں کے زیراستعمال ایک مکان تھا۔
میزائل حملے میں مکان مکمل طور پر منہدم ہو گیا تاہم ہلاک ہونے والوں کی شناخت کی فور ی طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔
افغان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان میں موجود عسکریت پسندسرحد پار افغانستان میں موجود غیر ملکی افواج پر حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں اور حالیہ مہینوں میں اس قبائلی علاقے میں تواتر کے ساتھ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔