پاکستان میں بجلی کی ترسیل کی ایک مرکزی ’ٹرانسمیشن لائن ٹرپ‘ کرنے سے ملک کے کئی حصوں میں بجلی منقطع ہو گئی ہے۔
گدو اور دادو کی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے کی وجہ شدید دھند اور نمی بتائی گئی ہے۔
بجلی کی ترسیل کے قومی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی ’این ٹی ڈی سی‘ کے مطابق لائن ٹرپ کرنے کی وجہ سے ملک کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے علاوہ لاہور، ملتان، حیدرآباد اور پشاور میں بھی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔
متعلقہ ادارے کا عملہ بجلی کی بحالی کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
گزشتہ ماہ بھی ملک کے اقتصادی مرکز کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی ’ٹرانسمیشن لائن‘ ٹرپ کر گئی تھی جس سے کئی گھنٹوں تک شہر کو بجلی منقطع رہی۔
ملک میں بجلی کی ترسیل کے لیے ٹرانسمیشن لائن کے ٹرپ کر جانے کے واقعات تواتر سے ہوتے آ رہے ہیں جن کی ایک وجہ ان کی معمول کی دیکھ بھال کے ناقص انتظامات بھی بتائے جاتے ہیں۔