پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت نے دھمکی دی ہے کہ عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی تحریک کے ردعمل میں اگر وفاقی حکومت نے بجلی منقطع کی تو وہ تربیلا ڈیم کو بند کر دے گی۔
خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کے اعلان کے بعد بہت سے لوگ بجلی کے بل ادا نہیں کریں گے۔
اس صورت حال میں وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ جو لوگ بل ادا نہیں کریں گے اُن کی بجلی کے کنکشن کاٹ دیے جائیں گے۔
جس پر خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا کہ ''آپ بجلی بند کریں گے تو ہم آپ کی بجلی بند کر دیں گے کیوں کہ بجلی کے تمام وسائل ہمارے پاس ہیں۔''
تاہم پیر کو سرکاری میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ بجلی صرف اُسی کو دی جائے گی جو بر وقت بل ادا کرے گا۔
''جو بجلی کے دام ادا نہیں کرے گا، اُسے یہ سہولت نہیں دی جائے گی''۔
تربیلا ڈیم پاکستان میں پانی سے بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ ملک کو پہلے ہی توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور موجودہ سیاسی کشیدگی کے باعث اگر توانائی کے حصول کا کوئی بھی ذریعہ متاثر ہوا تو اس سے ملک کی معیشت کو مزید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
عمران خان نے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ ٹیکس، پانی اور بجلی کے بل نا ادا کریں۔ صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ صوبائی ٹیکسوں کی وصولی جاری رکھیں گے۔