اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کا ایک مقامی کارکن نامعلوم حملہ آور کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو علی الصبح رہائشی علاقے سیکٹر جی نائن ون میں پیش آیا۔
متعلقہ تھانے کے انچارج انسپکٹر خالد اعوان نے وائس آف امریکہ کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقتول اقبال بیگ امریکی سفارتخانے میں کام کرتے تھے جہاں سے رات دیر گئے وہ جب اپنے گھر کے قریب پہنچے تو وہاں موجود ایک مسلح شخص نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔
ان کے بقول اسی اثنا میں اقبال بیگ کا بھائی بھی گھر سے باہر نکل آیا اور اس کی حملہ آور کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی اور اس دوران گولی لگنے سے اقبال بیگ ہلاک ہوگیا۔
"مسلح شخص نے 9 ایم ایم پسٹول سے اقبال پر فائر کیا اور جس سے وہ ہلاک ہو گئے۔۔۔ایسے شواہد ملے ہیں کہ حملہ آور بھی زخمی ہوا کیونکہ جس راستے وہ فرار ہوا وہاں خون کے دھبے دیکھے گئے ہیں۔"
امریکی سفارتخانے کی طرف سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ سفارتخانے کے متعلقہ لوگ جائے وقوع کا معائنہ کر چکے ہیں۔
خالد اعوان کا کہنا ہے کہ مقتول کا تعلق اسماعیلی شیعہ برادری سے بتایا جاتا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ قتل کے اصل محرکات کے بارے میں تفتیش کے بعد ہی وثوق سے کچھ کہا جا سکتا ہے۔
حالیہ مہینوں میں اسلام آباد میں بھی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں دیکھنے میں آچکی ہیں جب کہ فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جڑواں شہر راولپنڈی اسلام آباد میں بھی ہوتے رہے ہیں۔
پولیس نے اس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں سال مئی میں کراچی میں شدت پسندوں نے شیعہ اسماعیلی برادری سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بس پر حملہ کر کے 40 سے زائد افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔