پاکستان کی ہاکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی ٹیم برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں 2016ء میں ہونے والے کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
بیلجیئم میں ہونے والے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی ہاکی ٹیم پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلا جانے والا میچ آئرلینڈ سے ایک-صفر سے ہار گئی۔
اگر پاکستانی ٹیم پانچویں پوزیشن حاصل کر لیتی تو وہ آئندہ سال ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں شرکت کر سکتی تھی۔
پاکستان ہاکی میں اولمپکس اور عالمی چیمپئین رہ چکا ہے اور حالیہ ناکامی سے اس کھیل کے شائقین مایوسی کا شکار ہیں۔
جب کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں اور ٹیم کی انتظامیہ کو بھی مختلف حلقوں کی طرف سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
پاکستان میں ہاکی کا کھیل حالیہ برسوں میں ’زوال پذیر‘ رہا ہے اور گزشتہ سال قومی ٹیم ورلڈکپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت سے بھی محروم رہی۔
ہاکی کے سابق کھلاڑی ٹیم کی اس ناکامی کو ’ہاکی کے لیے سیاہ دن‘ قرار دیتے ہوئے حکومت سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اس کھیل کو بچانے کے لیے فوری طور پر کردار ادا کرتے ہوئے ہنگامی طور پر اقدامات کرے۔