بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے فوجی ہلاک: پاکستان

بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے فوجی ہلاک: پاکستان

پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔

فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے جنوبی ضلع راولاکوٹ میں بٹل سیکٹر میں پیش آیا اور دونوں اطراف سے وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔

پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ 2003 ء کے اواخر میں طے پانے والے فائر بندی کے معاہدے کی اس تازہ خلاف ورزی پر بھارتی فوج سے سخت احتجاج کیا گیا ہے اوراعلیٰ فوجی حکام کی میٹنگ بلانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

بھارتی فوج کے ترجمان نے اس الزام کو رد کیا ہے کہ فائرنگ کا آغار بھارتی فوج نے کیا۔

فائر بندی کے معاہدے سے پہلے پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ معمول کی کارروائی تھی البتہ معاہدے کے بعد اس میں خاصی حد تک کمی آئی ہے لیکن اب بھی فائرنگ کے اکا دکا واقعات پیش آتے رہتے ہیں جس کا الزام دونوں ممالک ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔

پاکستان اور بھارت 1947ء میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے اب تک تین جنگیں لڑ چکے ہیں جن میں سے دو کشمیر کے معاملے پر لڑی گئیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے نومبر 2008 ء میں ممبئی میں مبینہ طور پر پاکستانی عسکریت پسندوں کی جانب سے کیے گئے دہشت گردانہ حملوں میں 166 افراد کی ہلاکت کے بعد 2004ء کے اوائل میں شروع کیے جانے والے امن مذاکرات یک طرفہ طور پر معطل کر دیے تھے اوران کی بحالی کو پاکستان میں شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ کے خلاف کارروائی سے مشروط کر دیا تھا۔

البتہ ایٹمی ہتھیاروں کے حامل دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے بھوٹان میں گذشتہ ماہ ایک ملاقات میں مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا جب کہ آنے والے دنوں میں با ضابطہ طور پراعلان کیا گیا کہ بھارتی وزیرِخارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے 15 جولائی کو اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔