پشاور کے قریب نیٹو افواج کے لیے ایندھن لے جانے والے ٹرکوں پر عسکریت پسندوں کے الگ الگ حملوں میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔
اتوار کو مقامی حکام نے بتایا کہ افغانستان جانے والا ایک آئل ٹینکر ہفتہ کی شب جب قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے قریب پہنچا تو سڑک میں چھپائے گئے ریموٹ کنٹرول بم سے اُس پر حملہ کردیا گیا ۔ ٹرک میں بھڑکنے والی آگ نے تیزی سے قریب کی ایک مارکیٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں حکام کے بقول 100 سے زائد دکانیں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔
فائربریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر بہت مشکل سے آگ بجھائی اور اس حملے میں دو افراد ہلاک جب کہ 15 زخمی ہوئے۔
اس واقعہ کے چند گھنٹوں بعد اس مقام سے دس کلومیٹر دور جمرود کے علاقے میں ایک دوسرے آئل ٹینکر پرعسکریت پسندوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں ٹرک کا ڈرائیور ہلاک اور اُس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔
افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کے لیے رسد کا زیادہ تر سامان پاکستان کے راستے بھیجا جاتا ہے اور ان قافلوں پر طالبان عسکریت پسندوں کے حملے معمول کی کارروائی بن چکی ہے۔