قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں پیر کی صبح شدت پسندوں نے افغانستان میں نیٹوافواج کو تیل سپلائی کرنے والے قافلے پر حملہ کیا جس سے دو آئل ٹینکر تباہ ہوگئے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ جمرود کے علاقے کٹاکشٹ گاؤں کے قریب پیش آیاجس میں شدت پسندوں نے راکٹوں سے ٹینکروں کو نشانہ بنایا جس سے دو آئل ٹینکروں کو آگ لگ گئی اور اس میں سوار دو افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کو زیادہ تر رسد اسی پاکستانی علاقے سے فراہم کی جاتی ہے اور گذشتہ مہینوں میں تواتر کے ساتھ سامان لے جانے والے قافلوں پر شدت پسندوں کی طرف سے حملے کیے جاتے رہے ہیں۔ ان واقعات میں سو سے زائد ٹرک اور آئل ٹینکرتباہ ہوئے اور متعدد افراد ہلاک و زخمی بھی ہوئے۔