جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر ایڈمرل ملن کا بیان خوش آئند ہے

جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر ایڈمرل ملن کا بیان خوش آئند ہے

دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹا ف کے چیرمین ایڈمرل مائیک مولن کا بیان دراصل اُن اقدامات کی تائید کرتا ہے جو اُن کے ملک نے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کی حفاظت کے لیے کررکھے ہیں۔

عبدالباسط

انھوں نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سے یہی موقف اپنا رکھا ہے کہ اس کا جوہری ہتھیاروں کا پروگرام ملک کے دفاع کے لیے لازم و ملزوم ہے اور اس کو محفوظ بنانے کے لیے ہر وہ طریقہ اختیار کیا گیا ہے جو جوہری قوت کے حامل کسی بھی ملک نے اپنا رکھا ہے ۔

خیال رہے کہ ایک شائع شدہ بیان کے مطابق ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام ایران اور شمالی کوریا سے مختلف ہے کیونکہ اُن کے بقول پاکستانی حکام نے جوہر ی ہتھیاروں کو محفوظ بنانے کے لیے غیر معمولی اقداما ت کررکھے ہیں ۔ ایڈمرل مولن نے کہا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اور جوہری ہتھیاروں کے حامل ہمسایہ ملک بھارت سے لاحق خطرے کے پیش نظر اسلام آباد کے لیے جوہری ہتھیاروں کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔

ایڈمرل مائیک ملن (فائل فوٹو)

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے پاکستان اور چین کے درمیان جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون پر خدشات کو بھی ایک با رپھر رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اشتراک بین الاقوامی توانائی کے اداراے آئی اے ای اے کے طے کردہ قواعد و ضوابط کے تحت اور پر امن مقاصد کے لیے ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران سے نمٹنے کی کوششوں اور معاشی ترقی کے لیے جوہری توانائی کے شعبے میں پاکستان اور چین کا اشتراک ملک کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔