پاکستان ہاکی ٹیم کا مشکل دور اب تک ختم نہیں ہوسکا اور ہاکی ورلڈ کپ 2018ء میں بھی پاکستان کا سفر بغیر کوئی میچ جیتے ہی تمام ہوگیا ہے۔
بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں منگل کو بیلجیم کی ٹیم نے پاکستان کو پری کوارٹر فائنل میں 0-5 کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔
چار مرتبہ کی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کی دیگر ٹیموں کے سامنے کلب ٹیم جیسی کارکردگی بھی پیش نہ کرسکی۔
اس سے قبل پول میچز میں پاکستان کے مدِ مقابل جرمنی، ہالینڈ اور ملائیشیا کی ٹیمیں آئیں لیکن پاکستان ٹیم کسی بھی ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل نہ کرسکی۔
پہلے پول میچ میں جرمنی نے پاکستان کو 0-1 سے شکست دی۔ جرمنی جیسی مشکل ٹیم کے ساتھ ایک گول سے ہار کوئی بڑی بات نہیں تھی۔
لیکن دوسرے میچ میں پاکستان نے ملائیشیا جیسی نسبتاً آسان ٹیم کے خلاف 1-1 سے برابر کھیلا۔ جس کے بعد خیال کیا جارہا تھا کہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کا سفر زیادہ طویل نہیں رہے گا۔
تیسرے پول میچ میں ہالینڈ نے پاکستان کو 1-5 کے بڑے فرق سے ہراکر کھلاڑیوں کے حوصلے بالکل ہی پست کردیے۔
پاکستان اور ملائیشیا نے پول میچز میں ایک، ایک پوائنٹ حاصل کیا لیکن پاکستان نے یہاں خوش قسمتی سے ملائیشیا کے مقابلے میں اوسط بہتر ہونے کی وجہ سے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ بصورتِ دیگر قومی ٹیم کا پول میچز سے آگے جانا بھی مشکل تھا۔
بیلجیم کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں پاکستان ٹیم نے انتہائی مایوس کن کھیل پیش کیا اور کوئی گول نہ کرسکی۔ اس کے برعکس حریف ٹیم نے تابڑ توڑ حملے کرکے ایک، دو نہیں پورے پانچ گول کرڈالے۔
چار میچوں میں صرف دو گول
پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کا اظہار اس سے بھی ہوتا ہے کہ قومی ٹیم نے ایونٹ کے چار میچوں میں صرف دو گول اسکور کیے جب کہ حریف ٹیموں نے اُس کے خلاف مجموعی طور پر 12 گول کیے۔
پاکستان ہاکی کا شاندار ماضی
دوسرے ہی مرحلے میں ایونٹ سے باہر ہونے والی پاکستان ٹیم سب سے زیادہ چار مرتبہ 1971, 1978, 1982 اور 1994 میں ورلڈ چیمپئن رہ چکی ہے۔
1971ء میں پہلے ورلڈکپ میں پاکستان نے چھ میچ کھیلے تھے۔ چار جیتے، ایک ہارا اور ایک ڈرا ہوا۔
1978ء میں پاکستان نے دوسری مرتبہ ورلڈ کپ اپنے نام کیا۔ پاکستان ٹیم شاندار کارکردگی کے باعث اپنے تمام آٹھ میچز جیت کر ایونٹ میں ناقابل شکست رہی تھی۔
1982ء میں پاکستان ٹیم نے مجموعی طور پر تیسری اور مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتا اور گزشتہ ورلڈ کپ کی کارکردگی کو دہراتے ہوئے ناقابلِ شکست رہی۔ پاکستان نے سات میچ کھیلے اور تمام میں کامیابی حاصل کی۔
1994ء کاورلڈ کپ جیت کر پاکستان ٹیم چوتھی مرتبہ ایونٹ کی فاتح رہی۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سات میچ کھیلے۔ چار جیتے، ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ دو میچ ڈرا ہوئے۔
ان اعداد و شمار کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان ہاکی کا ماضی کتنا شاندار رہا ہے۔ لیکن موجودہ صورتِ حال اتنی ہی مایوس کن ہے۔