پشاور: مدرسے میں کنوئیں کی چھت گرنے سے تین طالبات ہلاک

فائل فوٹو

اطلاعات کے مطابق پشتخرہ کے علاقے میں ایک گھر میں قائم بچیوں کے مدرسے میں کئی نو عمر لڑکیاں کنوئیں کی چھت پر بیٹھی تھیں کہ اچانک چھت گر گئی۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے ایک مدرسے میں کئی کم عمر بچیاں کنویں میں گر گئیں جن میں سے کم از کم تین بچیاں ہلاک ہو گئیں۔

امدادی کاموں میں مصروف کارکنوں کے مطابق کئی بچیوں کو زندہ نکال لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق پشتخرہ کے علاقے میں ایک گھر میں قائم بچیوں کے مدرسے میں کئی نو عمر لڑکیاں کنوئیں کی چھت پر بیٹھی تھیں کہ اچانک چھت گر گئی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک پرانا کنواں تھا، جسے اب بند کر دیا گیا تھا۔

فوری طور پر قریبی گھروں میں مقیم لوگ بھی وہاں پہنچ گئے اور اُنھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچیوں کو نکالنا شروع کیا۔

بعد میں امدادی ٹیمیں بھی یہاں پہنچ گئیں اور زخمی طالبات کو اسپتال منتقل کرنا شروع کیا۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں تدریس کے لیے گھروں میں مدرسے یا عارضی درس گاہیں قائم ہیں جن کے بارے میں نہ تو سرکاری طور پر کوئی اعداد و شمار موجود ہیں اور نہ ہی یہاں تدریسی معمولات کسی قاعدے اور ضابطے کے تحت ہیں۔

تاحال کنوئیں کی چھت بیٹھنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے لیکن غالب امکان یہی ہے کہ وزن بڑھ جانے کی وجہ سے یہ چھت گر گئی ہو گی۔