صوبہ پنجاب کے شہر وزیر آباد میں دریائے چناب کے کنارے واقع لویری والا کے جنگلات میں پاکستان کی بری فوج کے ایک سپاہی نے چوبیس گھنٹوں میں بیس ہزار ایک سو ایک پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
لانس نائیک محمد یوسف نے شیشم کے پودے لگانے کا عمل ایک روز قبل دوپہر دو بجے شروع کیا اور بدھ کی صبح نو بجے کے قریب پندرہ ہزار ایک سو ستر پودے لگانے کا عمل مکمل کرکے نو برس قبل کینیڈا کے ایک شہری کی طرف سے بنایا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔
عالمی تنظیم کے نمائندوں نے 398 پودے معائنے کے بعد مسترد کردیے اور گینیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں کی موجودگی میں یہ تسلیم کرلیا گیا کہ اس جوان نے19707 پودے لگا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
بدھ کو لویری والا جنگل میں موقع پر موجود محکمہ جنگلات کے عہدیدار محمد عمران نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ کورکمانڈر منگلا نے پودے لگانے والے جوان کو لانس نائیک کے عہدے سے ترقی دے کر حوالدار بنا دیا ہے اور اسے چھ لاکھ روپے انعام بھی دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کے محکمہ زراعت کے عہدیدار شاہ محمد علوی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ انسپکٹر جنرل جنگلات نے پاک فوج کے تعاون سے پودے لگانے کی اس مہم کا اہتمام کیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ اس سے لوگوں میں شعور اجاگر ہوگا۔ ان کے بقول جب سیلاب آتا ہے تو پانی بہت سی زمین اپنے ساتھ بہا کر لے جاتا ہے اور جب کہ درخت اس میں مزاحمت کرتے ہیں۔
بین الاقوامی معیار ہے کہ ملک کے 25 فیصد رقبے پر جنگلات ہونے چاہئیں مگر پاکستان میں پانچ فیصد سے بھی کم رقبے پر جنگلات ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کے شمالی علاقوں میں جنگلات زیادہ ہوتے تو حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کم ہوسکتے تھے۔