اسلام آباد کے مضافاتی علاقے سنگ جانی میں نیٹوافوا ج کے لیے سامان اور تیل لے جانے والے ٹرکوں کے قافلے پر دو روز قبل ہونے والے حملے کاوزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس واقعے کے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
جمعرات کو ایک سرکاری بیان میں اُنھوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مستقبل میں اس طرح کے حملے سے بچا جاسکے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ دہشت گرداپنی ان کارروائیوں سے پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ معصوم لوگوں پر بوکھلاہٹ کا شکارعسکریت پسندوں کے بزدلانہ حملے اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کی کارروائی سے صرف افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے ۔ بیان کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے اس حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب سنگ جانی کے قریب کھڑے سامان رسد کے اس قافلے میں شامل تقریباً 100گاڑیوں پر نامعلو م افراد نے فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کردیاجس سے کئی ٹرکوں میں فوری طور پر آگ لگ گئی اوراس کی لپیٹ میں آکر 50 ٹرک مکمل طورپر تباہ ہو گئے جب کہ اس حملے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت ٹرکوں کے ڈرائیوروں کی تھی۔
وفاقی دارالحکومت کے پولیس حکام کا موقف ہے کہ نجی کمپنی کے زیرانتظام قائم اس ٹرمینل یا اڈے کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا تاہم پولیس نے اس حملے کے بعد متعدد افراد کو گرفتارکرکے اُن سے پوچھ گچھ کا عمل شروع کر رکھا ہے۔ نیٹوافواج کے لیے سامان رسد لے جانے والے ٹرکوں پر اسلام آبادکے قریب یہ پہلا اور سب سے بڑا حملہ تھا۔