وزیراعظم یوسف رضا گیلانی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اتوار کو روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ روانہ ہوئے۔
ہوائی اڈے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں خطے کی اقتصادی صورت حال اور سلامتی سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اس دورے کے دوران وزیراعظم گیلانی روس کے وزیراعظم ولادیمیرپوتن اور چین کے وزیراعظم وین جیاباؤ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ روس کے وزیراعظم سے ملاقات میں پاکستان کے لیے گیس کی درآمد اور پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔